ناول کے اجزائے ترکیبی | PDF: ناول ایک ادبی صنف ہے جو انسانی زندگی کی عکاسی کرتی ہے اور اس کے مختلف پہلوؤں کو حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کرتی ہے۔ اس آرٹیکل میں ناول کے اجزائے ترکیبی جیسے کہانی، پلاٹ، کردار، زبان و بیان، منظر نگاری، اور تسلسل پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ طلبہ کے لیے یہ مضمون ناول کی اہمیت اور اس کے بنیادی عناصر کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
- یہ بھی پڑھیں: افسانہ کیا ہے | افسانے کے اجزائے ترکیبی | PDF
ناول کی تعریف
ناول اطالوی زبان کا لفظ ہے جو انگریزی کے ذریعے اردو میں آیا۔ اس کے معنی “انوکھا” یا “نرالا” کے ہیں۔ اصطلاحاً ناول ایک ایسی کہانی کو کہتے ہیں جس کا موضوع انسانی زندگی ہو۔ ناول میں حقیقت نگاری کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور فرضی یا خیالی عناصر سے گریز کیا جاتا ہے۔
درحقیقت، ناول داستان کی ارتقائی شکل ہے جو انسانی زندگی کی تصویر کشی کرتا ہے اور اس کے مختلف پہلوؤں کو حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کرتا ہے۔ ناول نگار کا مقصد صرف کہانی بیان کرنا نہیں ہوتا بلکہ زندگی کی گہرائیوں اور پیچیدگیوں کو اجاگر کرنا بھی ہوتا ہے۔
ناول کے اجزائے ترکیبی
- کہانی
- پلاٹ
- کردار
- زبان و بیان
- منظر نگاری
- تجس
- مکالمه نگاری
- تسلسل
کہانی
کہانی ناول کے لیے بنیادی چیز ہے۔ قصے کے بغیر ناول ، ناول کہلانے کا مستحق نہیں رہتا۔ کہانی کی منطقی ترتیب پر اس کی کامیابی کا انحصار ہوتا ہے۔ کہانی ایک سے زیادہ واقعات پر مشتمل ہوتی ہے اور ناول کی کہانی کا تعلق انسانی زندگی اور اس کے متعلق مسائل پر ہوتا ہے۔
پلاٹ
پلاٹ انگریزی زبان کا لفظ ہے، جس سے مراد وہ ذہنی خاکہ یا منصوبہ بندی ہے جو ایک ناول نگار کہانی کے آغاز میں ترتیب دیتا ہے۔ یہ خاکہ کہانی کی ترتیب، تسلسل اور بنیادی خیال کو متعین کرتا ہے۔ ناول کی کامیابی اور عمدگی کا انحصار پلاٹ کی مضبوطی اور اس کی تنظیم پر ہوتا ہے۔ پلاٹ کو گٹھا ہوا اور مربوط ہونا چاہیے تاکہ کہانی میں روانی اور دلچسپی قائم رہے۔ (P: 436)
پلاٹ کے ذریعے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ ناول نگار کہانی کو کس نظریے اور نقطہ نظر سے پیش کر رہا ہے۔ اسی کے تحت ناول کے کرداروں کے باہمی تعلقات اور کہانی کے مختلف پہلوؤں کا تعین کیا جاتا ہے، جو ناول کو ایک مکمل اور ہم آہنگ شکل دیتے ہیں۔
کردار نگاری
کوئی بھی کہانی کرداروں کے بغیر وجود میں نہیں آتی۔ ناول معاشرے کی عکاسی کرتا ہے اس لئے اس میں ہر قسم کے کرداروں کی موجودگی لازمی ہے۔ ان کے افعال و اعمال اور عمل اور رد عمل سے ہی ناول کی تشکیل ہوتی ہے۔ ایک یادو کردار ہمیشہ اہم ہوتے ہیں جنہیں مرکزی کردار کہا جاتا ہے۔ اور کچھ ضمنی کردار بھی ہوتے ہیں۔
ناول نگار کی خوبی یہ ہے کہ وہ جس کردار کو جیسا پیش کرنا چاہتا ہے اس کی زبان ،اس کا اسلوب ،اس کی نسل ،اس کالباس وغیرہ اس کردار کے مطابق ہی ہو۔ا گر ایسا ہو تو ہی ناول کامیابی کی منزل کو چھو سکے گا۔
زبان و بیان
کسی بھی ناول کی تشکیل میں ناول کی زبان و بیان اور اسلوب یعنی انداز تحریر بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ اس کی کامیابی کا انحصار اسی بات پر ہے کہ اس ناول میں موجود کرداروں کی زبان اس کردار کے مطابق ہی ہے یا نہیں۔ اس کے تراکیب و تشبیہات و تمثیلات کا بیان استعمال کیسا ہے ؟ اس کے جملوں کی ساخت کیسی ہے ؟ اور ان کرداروں کی گفتگو کیسی ہے ؟ ہر کردار کی زبان سے نکلا ہو ا جملہ اس کے کردار کے مطابق ہونا چاہئے۔
منظر نگاری
داستان کی طرح ناول میں بھی منظر نگاری کو ایک بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ایک بہترین ناول نگار اپنی تحریر میں موجود مناظر کو اس قدر خوبصورتی اور وضاحت سے بیان کرتا ہے کہ قاری کے ذہن میں ان مناظر کی مکمل تصویر نقش ہو جائے۔ منظر نگاری کہانی کو نہ صرف دلچسپ بناتی ہے بلکہ قارئین کو کہانی کے ماحول میں بھی کھینچ لاتی ہے۔
قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ دیگر مناظر، جیسے روزمرہ زندگی کے واقعات یا تقریبات، اس انداز میں پیش کیے جائیں کہ وہ حقیقت کا رنگ اختیار کر لیں۔ یوں قاری ان مناظر کو نہ صرف پڑھتا ہے بلکہ انہیں محسوس بھی کرتا ہے، اور یہی منظر نگاری کی اصل کامیابی ہے۔
مکالمه نگاری
ناول کے کرداروں کے درمیان باہمی گفتگو کو مکالمے کہتے ہیں۔ مکالمہ کسی بھی کردار کی کردار نگاری کا بہترین وسیلہ ہے جو ناول کو آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ چنانچہ ضروری ہے کہ مکالمہ چست و برجسته و مختصر اور کردار کی نمائندگی کرتا ہو ۔ مکالمہ جتنے جاندار اور فطری ہوں گے ناول اتنا ہی عمدہ ہو گا۔
تجسس
ناول نگار اس کے قصوں کو ایسی ترتیب دے کہ کہانی منطقی انداز میں آگے بڑھے ۔ قاری کی توجہ کہانی کی طرف رہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے واقعات میں تحیر و تعجب ،پر اسراریت اور چونکا دینے والی کیفیت فطری انداز میں پیدا کی جائے ۔تاکہ قاری کا تجسس رہے۔
تسلسل
ناول میں متعدد واقعات کا ایک ساتھ چلنا فنِ ناول نگاری کا ایک اہم پہلو ہے۔ ایک کامیاب ناول نگار کی یہ نمایاں خصوصیت ہوتی ہے کہ وہ ان مختلف واقعات کو ایسی ترتیب اور مہارت سے پیش کرے کہ قارئین کے لیے وہ واقعات دلچسپ اور پرکشش بن جائیں۔ ان تمام واقعات کا ایک مرکزی نقطہ ہونا ضروری ہے، جہاں یہ سب ایک ہی کہانی کا حصہ معلوم ہوں۔ مزید یہ کہ ان واقعات کو آپس میں اس انداز سے مربوط کیا جائے کہ وہ ناول کی کہانی کو ایک مکمل اور ہم آہنگ شکل دیں
مزید دیکھیں:
نوٹ: آرٹیکل کے اندر موجود پاسورڈ تلاش کرکے درج کرنا ہوگا۔ درست پاسورڈ درج کرنے کے بعد فائل خودبخود ڈاؤنلوڈ ہونا شروع ہو جائے گی۔ اگر آپ کو کوئی مشکل پیش آئے تو آرٹیکل کو دوبارہ غور سے پڑھیں۔